اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق ہندوستانی وزیراعظم نریندر مودی نے چینی صدر شی جن پینگ سے ملاقات میں نیوکلیر سپلائرز گروپ این ایس جی میں ہندوستان کی رکنیت اور چین - پاکستان اقتصادی راہداری جیسے اہم مسائل پر بات چیت کی-
ہندوستانی وزیراعظم نے اس ملاقات میں این ایس جی میں ہندوستان کی شمولیت کے سوال پر ایک بار پھر چین کی حمایت مانگی جبکہ چین - پاکستان اقتصادی راہداری کے منصوبے کے بارے میں نئی دہلی کا موقف پیش کیا- پچھلے تین مہینے میں دونوں رہنماؤں کے درمیان یہ دوسری ملاقات ہے-
اس ملاقات میں چینی صدر جن پینگ نے کہا کہ ان کا ملک ہندوستان کے ساتھ اچھے رشتے چاہتا ہے اور وہ خود بھی ہندوستان اور چین کے رشتوں کو آگے لے جانا چاہتے ہیں- چینی صدر نے کہا کہ رشتے مشکل سے بنتے ہیں ہم انہیں بگڑنے نہیں دیں گے- انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کو ایک دوسرے کا احترام کرنا چاہئے اور اپنے اختلافات کو حل کرنےکے لئے بات چیت کا راستہ اپنانا چاہئے-
انہوں نے کہا کہ ہم ایک دوسرے کی تشویش کو بھی سمجھتے ہیں- اس ملاقات میں ہندوستانی وزیراعظم نے کہا کہ ہندوستان اور چین کی شراکت داری خطے بلکہ پوری دنیا کے فائدے میں ہے-
واضح رہے کہ پچھلے کچھ مہینوں کے دوران این ایس جی میں ہندوستان کی شمولت اور پاک چین اقتصادی راہداری کے منصوبے سی پیک کے معاملات پر نئی دہلی اور بیجنگ کے تعلقات کشیدہ ہوگئے تھے جس کے پیش نظر اس ملاقات کو کافی اہمیت دی جا رہی ہے- چند روز قبل چین نے کہا تھا کہ اگر ہندوستان نے پاکستان کے صوبہ بلوچستان میں سی پیک منصوبے کی راہ میں رکاوٹ کھڑی کرنے کی کوشش کی تو بیجنگ خاموش نہیں بیٹھے گا۔
۔۔۔۔۔۔۔
/169